پمز ہسپتال سانحہ، سینیٹ میں فوری بحث کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری کی چیئرپرسن شیری رحمان نے پمز ہسپتال میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے المناک واقعے پر سینیٹ میں فوری بحث کے لیے ایڈجرنمنٹ موشن جمع کرا دی۔

شیری رحمان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک میں کہا گیا ہے کہ پمز ہسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور معاملے کو ایوان کی تسلی کے مطابق حل کیا جائے۔ تحریک کے متن میں کہا گیا کہ دارالحکومت کے اہم ترین سرکاری ہسپتال میں بیشتر حفاظتی انتظامات کا غیر فعال ہونا ناقابل تصور اور ناقابل قبول ہے۔

تحریک میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کا واقعہ انتہائی سنگین نوعیت کا ہے اور وسیع تر عوامی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے سینیٹ کا معمول کا کاروبار معطل کرکے معاملے پر تفصیلی بحث کی جائے۔

شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ سانحے کے تمام پہلوؤں کی جامع تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور حفاظتی انتظامات میں موجود خامیوں کا ازالہ یقینی بنایا جائے

اپنا تبصرہ لکھیں