وفاقی پبلک سروس کمیشن (FPSC) نے سی ایس ایس مقابلہ جاتی امتحان 2025 کے ذریعے پاکستان کی مسلح افواج کے 9 افسران کو مختلف سول سروس گروپس اور سروسز میں شامل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مسلح افواج کے افسران کا نفسیاتی جائزہ اور وائوا ووس مکمل کرنے کے بعد ان کی سفارشات مرتب کی گئیں۔ منتخب ہونے والے افسران کو ان کے میرٹ، ڈومیسائل اور کوٹے کے مطابق مختلف سول سروس گروپس میں تعینات کیا جائے گا۔
منتخب افسران میں پاک فوج کے کیپٹن سید عتیق الرحمٰن کو پولیس سروس آف پاکستان (PSP)، کیپٹن سید شہریار خان، کیپٹن اسامہ مجتبیٰ اور کیپٹن حیدر علی کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اسی طرح پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ آصف علی مسعود اور پاک فوج کے کیپٹن شیراز احمد کو فارن سروس آف پاکستان (FSP) میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ کیپٹن سید تیمور علی کو پولیس سروس آف پاکستان (PSP) کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

مزید برآں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ اسامہ احمد کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) جبکہ پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ ایاز حسین کو بھی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے نتائج کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور احتیاط برتی ہے، تاہم کسی بھی غلطی یا کمی بیشی کی صورت میں وفاقی پبلک سروس کمیشن کو کسی بھی وقت اس کی اصلاح کا حق حاصل ہوگآ