شیرانی: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گرد جہنم واصل
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا جس میں دہشت گرد گروہ “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے عناصر نشانہ بنے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو شکست فاش دی گئی، حکومت اور سکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
شہباز شریف نے قرار دیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند عناصر کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
