وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع
مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی طرف سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے، تحریک عدم اعتماد پر 17 اراکین سے زائد کے دستخط موجود ہیں، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے والوں میں جاوید ایوب، قاسم مجید، رفیق نیئر، ملک ظفر اور علی شان سونی شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے فیصل راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لئے نامزد کر دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمیشہ کہتا تھا پیپلزپارٹی آپسی مشاورت کے ساتھ تمام فیصلے کرتی ہے، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر پیپلزپارٹی کے دل کے قریب ہے، پوری کوشش کریں گے کشمیریوں کیلئے آسانیاں لیکر آئیں، ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، ہمارے پاس تعداد پوری ہے تو کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں۔