افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں مسلسل استعمال ہو رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں مسلسل استعمال ہو رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغان سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال ہو رہی ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار یورپی یونین کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے چوتھے یورپی یونین انڈو پیسفک فورم میں شرکت کی اور یورپی یونین کے عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے ہنگری کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ہنگری میں طلبہ کے لیے وظائف پر ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کیے۔ اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے ڈینش، سلوانین اور ڈچ وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 17 تا 18نومبر ماسکو کا دورہ کیا، جہاں وہ ایس سی او کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر خارجہ نے ماسکو میں روسی صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے ایس سی او اجلاس میں افغانستان سے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، بعد ازاں ایس سی او نے اکنامک کو آپریشن پر جوائنٹ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی افواج کی مقبوضہ مغربی کنارے میں جارحیت اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارت میں لال قلعہ بم دھماکوں میں بڑی تعداد میں گرفتاریاں ہوئیں۔ زیادہ تر گرفتار شدہ افراد کا تعلق بھارتی مقبوضہ کشمیر سے ہے۔ بھارت مسلسل مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششیں کر رہا ہے۔ پاکستان عالمی برادری، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔

حسینہ واجد کو سنائی گئی پھانسی کی سزا پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ بنگلا دیش کا اندونی معاملہ ہے۔ بنگلا دیش کا اپنا آئین اور قانون موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ بارڈر بندش اور تجارت پر پالیسی برقرار ہے۔ اس کی وجہ افغان طالبان ہیں جو دہشت گردوں کو سپورٹ کررہے ہیں۔ طالبان ان افغان شہریوں کو بھی روکیں جو پاکستان میں دہشتگردی کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں