فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام

اسلام آباد،: فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے فیصلہ کن اور مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں حالیہ جنگ بندی کو پائیدار اور منصفانہ امن میں تبدیل کرنا بھی ناگزیر ہو چکا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فلسطین کو درپیش مصائب انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر گہرا زخم ہیں۔ فلسطین پر جاری قبضے کے دوران ہر معصوم جان کا ضیاع اور ہر گھر کی تباہی پوری دنیا کے لیے ایک پکار ہے کہ وہ اخلاقی جراَت، انصاف اور ہمدردی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرے۔

پی پی پی چیئرمین نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے لیے اپنی غیر متزلزل اور تاریخی حمایت جاری رکھے گا، اور پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی رہنمائی ہمیشہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جراتمندانہ میراث سے حاصل کی جاتی ہے، جنہوں نے فلسطینی حقوق کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز اٹھائی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی فلسطینی عوام کے دیرینہ نامکمل خوابِ آزادی کے پورا ہونے تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور فلسطینیوں کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے ساتھ ساتھ القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے اور فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یکجہتی صرف جذبات تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے انصاف اور دیرپا امن میں بدلنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں