وزیراعظم نے سپیکر ایاز صادق کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے گرین سگنل دے دیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کیلئے گرین سگنل دے دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر سردار ایاز صادق کو گرین سگنل دیا ہے جبکہ حکومتی وفد سپیکر کی درخواست پر مذاکرات کیلئے تیار ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں سے ہی مذاکرات ہوں گے، غیر منتخب نمائندوں سے بات چیت نہیں کریں گے۔
دوسری جانب سپیکر آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک مذاکرات کیلئے تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابطہ رابطہ نہیں کیا،سردار ایاز صادق نے ابھی تک پارلیمانی کمیٹی برقرار رکھی ہوئی ہے، اپوزیشن رضا مند ہوئی تو فوری طور پر سپیکر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے۔
اس حوالے سے پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر کی پیشکش کے باوجود ابھی تک اپوزیشن نے ان سے رابطہ نہیں کیا ہے، سپیکر نے تحریک انصاف کو اپنے چیمبر میں آنے کی دعوت دی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے سپیکر سے آخری ملاقات محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کیلئے کی تھی۔