راولپنڈی میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔

شہید افسر کا تعلق ضلع سرگودھا سے تھا اور وہ گزشتہ روز بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران زخمی ہونے کے بعد جامِ شہادت نوش کر گئے۔

نمازِ جنازہ میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس سید عاصم منیر، وفاقی وزراء داخلہ و اطلاعات، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہید کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی جرأت، فرض شناسی اور دفاعِ وطن کے لیے بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں نہ صرف قوم کے حوصلے بلند کرتی ہیں بلکہ ملک کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو بھی مزید مضبوط بناتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید افسر کو ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ پاک فوج اور پوری قوم نے شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا

اپنا تبصرہ لکھیں