ایف آئی اے میں نادرا ریکارڈ کے حصول کا طریقہ کار تبدیل، درخواستیں صرف سرکاری ای میل کے ذریعے بھجوانے کی ہدایت

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے نادرا سے ریکارڈ کے حصول کے لیے درخواستیں بھجوانے کے طریقہ کار کو یکساں بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام زونز اور سرکلز کو نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ایف آئی اے ڈائریکٹر (ECW) امیر عبداللہ خان نیازی کی جانب سے 2 ستمبر 2026 کو جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مختلف سرکلز اور زونز کی جانب سے نادرا ریکارڈ کے حصول کے لیے بیک وقت کورئیر، ای آفس اور ای میل سمیت متعدد ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث ایک ہی درخواست کی بار بار ترسیل، غیر ضروری تاخیر، کورئیر اخراجات میں اضافہ اور دستخط و منظوری کے طریقہ کار میں عدم یکسانیت جیسے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

مراسلے کے مطابق سرکاری امور میں بہتری، مطلوبہ ریکارڈ کی بروقت فراہمی اور دفتری رابطہ کاری کو مؤثر بنانے کے لیے نادرا ڈیٹا یا ریکارڈ کے حصول کی تمام درخواستیں صرف ایف آئی اے کی سرکاری ای میل nadra.fia@gov.pk کے ذریعے بھجوائی جائیں گی۔

ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ نادرا ریکارڈ کے لیے ای میل کے ذریعے بھیجی جانے والی درخواست متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر یا سرکل انچارج کے دستخط شدہ ہونی چاہیے، جبکہ درخواستیں بھجوانے کے لیے دیگر ذرائع استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔

مراسلے میں تمام زونل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکلز تک یہ احکامات پہنچائیں اور ان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ایف آئی اے کے مطابق طریقہ کار کو یکساں بنانے سے سرکاری رابطہ کاری میں بہتری آئے گی، غیر ضروری اخراجات اور تاخیر کا خاتمہ ہوگا جبکہ نادرا ریکارڈ کے حصول کا عمل مزید تیز اور مؤثر بنایا جا سکے

اپنا تبصرہ لکھیں