اسلام آباد وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کی اکیڈمی اسلام آباد میں بلاک چین اور کرپٹو کرنسی تحقیقات کے موضوع پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی جائے گی۔


ایف آئی اے اکیڈمی کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یورپی یونین کے تعاون سے EU-ACT پروگرام کے تحت یہ انٹرمیڈیٹ لیول ورکشاپ 21 سے 25 ستمبر 2026 تک اسلام آباد میں ہوگی۔
ورکشاپ میں ایف آئی اے اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (NACTA) کے مجموعی طور پر 25 افسران شرکت کریں گے۔ نامزد افسران نے اس سے قبل جولائی میں یورپی یونین کے زیرِ اہتمام بنیادی تربیتی کورس بھی مکمل کیا تھا۔
تربیتی پروگرام کا مقصد افسران کو بلاک چین ٹیکنالوجی، کرپٹو کرنسی سے متعلق جرائم اور ان کی تحقیقات کے حوالے سے جدید اور عملی مہارتیں فراہم کرنا ہے۔
ایف آئی اے اکیڈمی نے متعلقہ حکام سے نامزد افسران کو ورکشاپ میں شرکت کے لیے دستیاب رکھنے کی درخواست کی ہے، جبکہ کسی افسر کی عدم شرکت کی صورت میں متبادل افسر نامزد کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے