پنجاب ہاؤسنگ سکیم اڈیالہ روڈ کے رہائشیوں کا مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ

راولپنڈی ()پنجاب ہاؤسنگ سکیم اڈیالہ روڈ کے رہائشیوں نے علاقے میں شہری سہولیات کی بہتری، فٹ پاتھوں کی بحالی اور رہائشی ماحول کے تحفظ کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے مسائل کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔شہریوں کے مطابق سکیم کے مین بولیوارڈ پر بعض رہائشی مکانات تجارتی مقاصد کیلئے استعمال ہو رہے ہیں، جبکہ سروس روڈ پر پراپرٹی ڈیلرز کی کاروباری سرگرمیوں اور فٹ پاتھوں پر بڑے اشتہاری بورڈز کی تنصیب سے پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین اور سکول جانے والے بچوں کیلئے بھی آمدورفت میں دشواری پیدا ہوتی ہے۔رہائشیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کرکے شہریوں کیلئے بحال کیا جائے۔شہریوں نے سکیم کے اندر طویل عرصے سے قائم جانوروں کے ایک بڑے باڑے کی جانب بھی متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ وہاں درجنوں جانور رکھے گئے ہیں، جن میں سے بعض کھلے عام رہائشی علاقوں میں گھومتے ہیں۔ ان کے مطابق باڑے سے اٹھنے والی بدبو سے صحت اور ماحول کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ کھلے جانور گھروں کے کچن گارڈنز میں داخل ہو کر پودوں اور فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سوسائٹی انتظامیہ کو متعدد بار شکایات کے باوجود مسائل حل کرنے کیلئے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے فٹ پاتھوں کی بحالی، کمرشل سرگرمیوں کی جانچ پڑتال اور جانوروں کے باڑے سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں