کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) نے افریقن کپ آف نیشنز 2025 کے فائنل سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے سینیگال کو دوبارہ چیمپئن قرار دے دیا ہے جس کے بعد مراکش سے ٹائٹل واپس لے لیا گیا ہے۔
جنوری میں رباط میں کھیلے گئے فائنل میں سینیگال نے اضافی وقت میں پاپ گیے کے گول کی بدولت مراکش کو 0-1 سے شکست دی تھی۔
تاہم میچ کے دوران متنازع پنالٹی ملنے پر سینیگال کے کھلاڑی احتجاجاً میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ بعد ازاں مراکشی کھلاڑی براہیم ڈیاز پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے اور مقابلہ مکمل ہوا۔
تقریباً دو ماہ بعد افریقی فٹبال کنفیڈریشن نے قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سینیگال سے ٹائٹل واپس لے کر مراکش کو فاتح قرار دے دیا تھا۔
سینیگال فٹبال فیڈریشن نے اس فیصلے کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں چیلنج کیا جہاں تین رکنی پینل نے متفقہ طور پر سینیگال کے حق میں فیصلہ سنایا۔
سینیگال نے فیصلے کا خیرمقدم کیا جبکہ مراکش نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
افریقی فٹبال کنفیڈریشن نے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی تصدیق کردی ہے۔