اسلام آباد(ناصر خٹک سے )ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز (PNIL) کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں آج علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور سے محمد عثمان ولد گل محمد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم تھانہ کالو، ضلع صوابی میں درج ایف آئی آر نمبر 836 مورخہ 30 جولائی 2026 میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302 اور 324 کے تحت مطلوب تھا۔
ملزم کا نام پی این آئی ایل (PNIL) میں شامل کرنے کی درخواست موصول ہونے کے محض 20 منٹ کے اندر ایف آئی اے نے کارروائی مکمل کر لی۔ کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم امیگریشن کاؤنٹر سے کلیئر ہو چکا تھا۔ تاہم بروقت اداروں کے رابطے، فوری معلومات کے تبادلے اور مؤثر حکمتِ عملی کے باعث اسے ملک سے باہر روانہ ہونے سے قبل ہی کامیابی کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم پر دو سگے بھائیوں کو بے دردی سے قتل کرنے کا الزام ہے۔ یہ کامیاب کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطے، فوری ردِعمل اور ایف آئی اے کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظہر ہے۔
واضح رہے کہ پی این آئی ایل (PNIL) — عارضی قومی شناختی فہرست ایک 30 روزہ عارضی واچ لسٹ ہے، جسے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) سنگین فوجداری مقدمات میں مطلوب یا مفرور ملزمان کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں باضابطہ طور پر شامل کیے جانے سے قبل عارضی طور پر بیرونِ ملک سفر سے روکنے کے لیے استعمال کرتا ہے، تاکہ ان کے فرار کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے