مکہ معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں، مسلسل مشاورت کی ضرورت ہے: خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدہ ابتدائی مرحلے میں ہے، تواتر سے اجلاس منعقد کرنے اور مسلسل مشاورت کی ضرورت ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا ہے کہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے حکام اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب اور یمن میں حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال کریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری بدامنی واضح طور پر اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی اور یہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اجلاس میں سعودی عرب، ترکیے اور پاکستان کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس معاہدے کے مطابق سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ پاکستان اور ترکیے کے لیے خطرہ ہے اور یہ بات بالکل واضح ہے، انہوں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت وسیع علاقوں پر قابض حوثیوں کے ساتھ تنازع سے نمٹنے کے حوالے سے سعودی عرب کی حکمتِ عملی کو بھی سراہا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ مکہ معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، ابتدائی طور پر ہمیں اس معاہدے کے تحت ترتیب دیے جانے والے امور کو درست سمت دینے کے لیے تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت ہے، مسلسل مشاورت کی ضرورت ہے، تاکہ آئندہ چند مہینوں میں تمام انتظامات مکمل ہو جائیں اور ہم آگے بڑھ سکیں۔

خواجہ آصف نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ایک ممکنہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کسی تنازع یا جارحیت کا امکان موجود ہے، اس لیے خطے کے ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں