قومی ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کو شہریوں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے روایتی خط و کتابت کے بجائے باقاعدہ Data Sharing Module (DSM) استعمال کرنے کی ہدایت کر دی ہے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) قومی ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کو شہریوں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے روایتی خط و کتابت کے بجائے باقاعدہ Data Sharing Module (DSM) استعمال کرنے کی ہدایت کر دی ہے، تاکہ معلومات کے تبادلے کو محفوظ، شفاف، تیز رفتار اور قابلِ احتساب بنایا جا سکے۔

NADRA ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے جاری مراسلے میں FIA کے ڈائریکٹر جنرل کو آگاہ کیا گیا ہے کہ Data Sharing Module قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان معلومات کے محفوظ اور مؤثر تبادلے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔ یہ نظام FIA کے ساتھ بھی قائم کیا جا چکا ہے، جس کے ذریعے معلومات کی درخواست، اس پر کارروائی اور جواب آن لائن دیا جا سکتا ہے۔

مراسلے کے مطابق آن لائن نظام دستیاب ہونے کے باوجود FIA کے مختلف ونگز اور فارمیشنز کی جانب سے معلومات کے حصول کے لیے اب بھی سرکاری خطوط کے ذریعے درخواستیں بھجوائی جا رہی ہیں۔ NADRA نے بطور مثال آسٹریلوی فیڈرل پولیس (AFP) کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے حوالے سے کراس چیک کے لیے بھیجی گئی درخواستوں کا حوالہ دیا، جو FIA کے ذریعے روایتی خط و کتابت کے تحت NADRA کو ارسال کی گئیں۔

NADRA نے واضح کیا کہ Data Sharing Module کا بنیادی مقصد معلومات کی درخواستوں پر بروقت کارروائی، محفوظ تبادلہ، مکمل Audit Trail اور ادارہ جاتی جوابدہی کو یقینی بنانا ہے۔ مراسلے میں قرار دیا گیا ہے کہ دستی خط و کتابت کے طریقہ کار سے درخواستوں میں تاخیر، ریکارڈ یا دستاویزات کے غلط جگہ پہنچنے اور معلومات یا شواہد کے ممکنہ غلط استعمال جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

مراسلے میں FIA سے کہا گیا ہے کہ آئندہ معلومات کے حصول سے متعلق تمام درخواستیں Data Sharing Module کے ذریعے ہی جمع کرائی جائیں۔ FIA کے لیے پہلے سے بنائے گئے یوزر اکاؤنٹس استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر FIA ہیڈکوارٹرز کی نامزدگی پر مزید یوزر اکاؤنٹس بنانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

NADRA نے FIA حکام سے مزید درخواست کی ہے کہ ادارے کے تمام متعلقہ ونگز اور فارمیشنز کو واضح ہدایات جاری کی جائیں تاکہ آئندہ معلومات کے تبادلے کی تمام درخواستیں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق صرف Data Sharing Module کے ذریعے ارسال ہوں۔

دستیاب دستاویز کے مطابق مراسلہ NADRA ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے جاری کیا گیا جبکہ FIA کی جانب سے اس پر 10 اگست 2026 کو DG FIA کی سطح پر کارروائی کی گئی۔ NADRA کی جانب سے شہریوں کے ڈیٹا کے محفوظ استعمال اور مجاز اداروں کو معلومات کی فراہمی کے لیے ڈیٹا شیئرنگ کے محفوظ طریقہ کار پر زور دیا جاتا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں