اوورسیز پاکستانی کی درخواست پر آئی جی آزاد کشمیر سے ملزم کی فوری گرفتاری اور خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل

اوورسیز پاکستانی کی درخواست پر آئی جی آزاد کشمیر سے ملزم کی فوری گرفتاری اور خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل

اسلام آباد (این این آئی) اسپین کے شہر بارسلونا میں مقیم اوورسیز پاکستانی شہزاد اسلم نے آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں درج قتل کی کوشش اور دیگر دفعات کے مقدمے میں نامزد ملزم کی فوری گرفتاری اور اپنے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہزاد اسلم ولد محمد اسلم، ساکن برہنگ، تحصیل و ضلع بھمبر آزاد کشمیر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ملزم رمیز اسلم ولد اسلم طاہر کے خلاف تھانہ بھمبر میں ایف آئی آر نمبر 180/21 مورخہ 20 اگست 2021ء، زیر دفعات 324/337F اے پی سی درج ہے۔ درخواست کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے سعودی عرب فرار ہوگیا تھا، تاہم اب وہ مبینہ طور پر پاکستان واپس آکر ضلع بھمبر میں آزادانہ گھوم پھر رہا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق ملزم کی واپسی اور مبینہ آزادانہ نقل و حرکت کے باعث ان کے اہل خانہ شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ مقامی پولیس کو ملزم کی واپسی سے آگاہ کرنے کے باوجود تاحال اس کی گرفتاری کے لیے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

شہزاد اسلم نے آئی جی آزاد کشمیر سے اپیل کی ہے کہ متعلقہ پولیس حکام کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے جائیں، ملزم کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور درخواست گزار کے اہل خانہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے ملزم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور امیگریشن ریکارڈ میں شامل کرنے کی بھی استدعا کی ہے تاکہ وہ دوبارہ بیرون ملک فرار نہ ہوسکے۔

دوسری جانب بارسلونا میں پاکستانی قونصل خانے کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سالک محمود نے 25 نومبر 2026ء کو مذکورہ درخواست ایس ایس پی بھمبر کو ارسال کرتے ہوئے معاملے کو میرٹ اور قانون کے مطابق دیکھنے کی ہدایت کی درخواست کی ہے۔ مراسلے کی نقول انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر، ڈائریکٹر جنرل اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اور متعلقہ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

CamScanner 25-11-2026 19.56
CamScanner 25-11-2026 19.56
اپنا تبصرہ لکھیں