وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب صرف میرٹ کی حکمرانی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے بچوں کی محنت کا بھرپور صلہ دیتا ہے، کسی بھی حکومت کے لیے شرم کا مقام ہے کہ قابل بچے وسائل نہ ہونے پر تعلیم سے محروم رہیں۔
چکوال یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سکالرشپ اور لیپ ٹاپ کسی حکومتی احسان کے طور پر نہیں بلکہ محنت کا صلہ ہیں، چکوال میں دو جدید سکول آف ایمیننس تعمیر کیے گئے ہیں، غربت اور وسائل کی کمی ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، چکوال کی ترقی کے لیے پہلے سے بھی زیادہ محنت سے کام کروں گی۔
انہوں نے بچیوں کو بتایا کہ لیپ ٹاپ سکیم میں خیبرپختونخوا کا حصہ بھی رکھا گیا ہے، قابلیت کی حوصلہ افزائی کے لیے کسی صوبے کی کوئی حد بندی نہیں ہوگی، لیپ ٹاپ اور سکالرشپس کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کے لیے بڑی نعمت ہیں، میری بھرپور کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے، اب محض ڈگری کا وقت گزر گیا، موجودہ دور جدید سکلز کا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور جیسی جدید گرین بسیں اور بس سٹینڈز پنجاب کے تمام اضلاع میں بنائے گئے، میرے دل میں زیادہ جگہ چھوٹے شہروں کے لیے ہے جو سہولتوں سے محروم رہے، وسائل کی کمی کا سامنا مجھے بھی ہے، فنڈز سوچ سمجھ کر لگانے پڑتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جب کوئی ظلم کے خلاف مریم نواز کو یاد کرتا ہے تو محسوس ہوتا ہے کہ فرض ادا ہوگیا، موجودہ دور ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ترقی اور خودمختاری کا دور ہے، میری خواہش ہے کہ تمام بیٹیوں کو گھر اور باہر محفوظ ماحول میسر ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے واقعات کی فوری رپورٹنگ کے لیے جدید سیفٹی ایپ متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ ہراسانی کا سامنا کرنے والی بچیوں کے تحفظ کے لیے پنک بٹن بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
صحت کی سہولیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں چھوٹے شہروں میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم اب چکوال میں کسی شخص کو دل کا عارضہ لاحق ہونے کی صورت میں اسے اسی شہر میں مفت علاج کی سہولت فراہم ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 10 سے 15 گرین بسیں پہنچ چکی ہیں، جبکہ مزید بسیں بھی جلد شامل کی جائیں گی، رانا سکندر کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ یونیورسٹی کے لیے پنک بس کل ہی لائی جائے، یہ جدید بسیں وائی فائی کی سہولت سے آراستہ اور مکمل محفوظ ہیں۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ بچیوں کے لیے پنک جبکہ بچوں کے لیے بلیک اسکوٹیز لانے جا رہے ہیں، یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتیاں سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔
اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ روز پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد سے ملاقات کے لیے گئی تو ملتان سٹیڈیم میں 25 ہزار سے زائد مستحقین کو اکٹھا کرنا پڑا، اس پروگرام کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ گھر بن چکے ہیں۔
انہوں نے چکوال کی ضلعی انتظامیہ میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چکوال کی ڈپٹی کمشنر ایک خاتون ہیں اور ہمیں ان کی کارکردگی پر فخر ہے، شہر کی ترقی میں خواتین بھی انتہائی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کو آئے ابھی صرف ایک ہزار دن ہوئے ہیں، حکومت اور اقتدار مستقل چیزیں نہیں، بلکہ آنے جانے والی چیزیں ہیں، حکومت سب سے نازک ذمہ داری ہے جو ہاتھوں سے ریت کی طرح پھسلتی ہے، اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں۔