خصوصی افراد ہمارے معاشرے کی اصل طاقت ہیں، ان کی خودمختاری ہمارا عزم ہے: چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد

خصوصی افراد ہمارے معاشرے کی اصل طاقت ہیں، ان کی خودمختاری ہمارا عزم ہے: چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد
اسلام آباد: چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خصوصی افراد ہماری اصل طاقت ہیں اور ان کی خودمختاری کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو باوقار روزگار اور مساوی مواقع فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی خصوصی افراد کے لیے سماجی تحفظ کی ایک مضبوط ڈھال ہے اور حکومت اس طبقے کے لیے سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب خصوصی افراد بھی برابر کے شریک ہوں۔ ’’ہم خصوصی افراد پر رحم نہیں بلکہ حقوق پر یقین رکھتے ہیں‘‘، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا اور انہیں آسان سہولیات و باعزت زندگی فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق خصوصی افراد ہمیں ہمت، حوصلہ اور صبر کا سبق دیتے ہیں، اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بی آئی ایس پی کا کردار قابلِ فخر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں