خصوصی افراد کی قومی زندگی میں مکمل شمولیت ہماری ترجیح ہے: صدر مملکت، وزیراعظم
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی قومی زندگی میں مکمل شمولیت ہماری ترجیح ہے،حکومت خصوصی افراد کی معاشرے میں ہر سطح اور ہر شعبے میں شمولیت کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خصوصی افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق و وقار کے تحفظ کا اعادہ کرتے ہیں، خصوصی افراد کی قومی زندگی میں مکمل شمولیت ہماری ترجیح ہے، خصوصی افراد کے لئے رسائی، تعلیم اور صحت کے اقدامات جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو، سرٹیفکیشن اور سماجی تحفظ میں آسانی کو موثر بنا رہے ہیں، خصوصی افراد کیلئے بہتر روزگار اور نقل و حرکت کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منصفانہ معاشرہ وہی جہاں ہر فرد کو یکساں سہولتیں حاصل ہوں، خصوصی افراد کی راہ میں حائل جسمانی سماجی اور رویّوں پر مبنی رکاوٹیں دور کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، خصوصی افراد کی شناخت کا احترام کریں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تعلیم، کاروبار اور ترقی میں خصوصی افراد کی شرکت قومی مستقبل کیلئے اہم ہے، خصوصی افراد ہماری اجتماعی قوت اور استقامت کا حصہ ہیں، ایسا پاکستان قائم کریں جو ہر فرد کے لئے قابلِ رسائی اور شمولیت کا حامل ہو۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خصوصی افراد کا عالمی دن اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانا قومی ترقی کیلئے نا گزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال یہ عالمی دن “خصوصی افراد کی معاشرے میں شمولیت اور سماجی ترقی کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، آئین پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مساوی شمولیت کی ضمانت دیتا ہے، خصوصی افراد ہمارے معاشرے کی سماجی، معاشرتی اور ثقافتی اساس کا کلیدی حصہ ہیں، کسی بھی طرح کی جسمانی کمی انسانی ذہنی صلاحیتوں اور حقوق کی نفی نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ قانونی پس منظر میں وفاقی اور صوبائی سطح پر خصوصی افراد کے حقوق کے ایکٹ ایسے افراد کو ہر طرح کا ضروری قانونی تحفظ فراہم کرتے ہیں، مزید یہ ایکٹ خصوصی افراد کے اندراج اور ان کی معاونت، امداد اور دیگر مؤثر خدمات سر انجام دینے کیلئے بھی بنیاد فراہم کرتے ہیں، خصوصی افراد کے حقوق کی کونسل، سی آر پی ڈی بھی حقوق کی نگرانی اور حکومتی پالیسی اقدامات کو مضبوط کرنے میں بہت فعال طریقے سے کام کر رہی ہے۔