قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے چیف وہپ حزبِ اختلاف ملک عامر ڈوگر کو خط ارسال؛ ترجمان قومی اسمبلی

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے چیف وہپ حزبِ اختلاف ملک عامر ڈوگر کو خط ارسال؛ ترجمان قومی اسمبلی

اسلام آباد: ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے رکن قومی اسمبلی اور چیف وہپ حزبِ اختلاف ملک عامر ڈوگر کو خط ارسال کیا ہے جس میں سابق قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب خان سے متعلق عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تحریری وضاحت طلب کی گئی ہے۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق یہ اقدام قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کے مقررہ طریقہ کار کو قانون و ضابطے کے مطابق مکمل کرنے کے لیے ضروری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اپوزیشن کی جانب سے سیکرٹریٹ کو یہ اطلاع دی گئی تھی کہ عمر ایوب خان کے خلاف کوئی مقدمہ زیر التواء نہیں، تاہم اس بارے میں ضروری تحریری تصدیق سیکرٹریٹ کو فراہم نہیں کی گئی۔ قائدِ حزبِ اختلاف کی نامزدگی کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے اس تحریری تصدیق کا موجود ہونا لازمی ہے۔خط میں ملک عامر ڈوگر سے درخواست کی گئی ہے کہ عدالتوں میں سابق اپوزیشن لیڈر سے متعلق زیر التواء مقدمات کی موجودہ صورتحال سے متعلق درکار معلومات فوری طور پر فراہم کی جائیں۔ ترجمان کے مطابق عمر ایوب خان سے متعلق بعض کیسز میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بطور فریق شامل کیا گیا ہے، جس کے باعث تازہ ترین قانونی صورتحال سے آگاہی اہمیت کی حامل ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کے تقرر کے عمل کو تحریری تصدیق موصول ہونے کے بعد ہی آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ خط میں چیف وہپ حزبِ اختلاف سے درخواست کی گئی ہے کہ نامزدگی کے عمل کی جلد تکمیل کو ممکن بنانے کے لیے مطلوبہ دستاویزات فوری طور پر ارسال کی جائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں