پاک بحریہ میں دوسرے پی این ایس خیبر کی شمولیت، امیر البحر اور ترک صدر کی شرکت
راولپنڈی: پاک بحریہ میں دوسرے پی این ایس خیبر کی شمولیت کی پروقار تقریب میں ترکیہ میں ہوئی جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ میں دوسرے پی این ایس خیبر کی شمولیت کی تقریب استنبول کے نیول شپ یارڈ میں ہوئی جس میں پاکستان کے امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
اس موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ میں مثالی برادرانہ تعلقات ہیں، دفاعی شعبہ میں دونوں ممالک میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے استنبول نیول شپ یارڈ میں جہازوں کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تعمیر میں شراکت کی تعریف کی۔
انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی شراکت داری کی گہرائی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان نیوی اور ترکی نیول فورسز کے درمیان باہمی تعلقات دفاعی تعاون کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔
تقریب کے بعد صدر اردوان نے جہاز کا دورہ کیا، جہاں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور جہاز کے عملے سے ملاقات کی، اس موقع پر علاقائی سمندری سکیورٹی اور مستقبل میں پاکستان نیوی اور ترکی نیول فورسز کے مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔