نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کی پاکستان انڈر نائٹین کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے کی مبارکباد

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کی پاکستان انڈر نائٹین کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے کی مبارکباد

اسلام آباد : شیری رحمان نے پاکستان انڈر نائٹین کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے فائنل میں بھارت کو بدترین شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

سینیٹر شیری رحمان نے فائنل میں سمیر منہاس کی بھارت کے خلاف 172 رنز کی شاندار اننگز کو فتح کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی کی یہ کارکردگی قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی حریف کے خلاف بڑے مارجن سے حاصل کی گئی جیت نے اس تاریخی کامیابی کا مزہ دوبالا کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی انڈر نائٹین ٹیم نے گروپ اسٹیج میں ملنے والی شکست کا بھرپور اور شاندار بدلہ لیا، جو ٹیم کے اعتماد اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ سینیٹر شیری رحمان کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور غیر متزلزل اعتماد نے پاکستان کو ایشیا کا چیمپئن بنایا۔

آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت سے ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں