قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا قومی ترقی اور استحکام پر زور

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا قومی ترقی اور استحکام پر زور

قائم مقام چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل، معدنیات، سیاحت، سازگار موسمی حالات اور باصلاحیت افرادی قوت سے مالا مال ملک ہے، جو اسے ترقی، خوشحالی اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے ذہین اور محبِ وطن افراد، سرکاری افسران، بیوروکریسی، وکلا، ڈاکٹرز، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندے باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعے ملکی وسائل کو بہتر اور مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں تاکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ ملکی سیاسی، معاشی، سماجی اور اقتصادی صورتحال، دفاعی و صنعتی شعبوں کی بہتری اور قومی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں نہ صرف بہترین موسمی حالات موجود ہیں بلکہ اس کی جغرافیائی اہمیت بھی غیر معمولی ہے، جو اسے عالمی سطح پر منفرد مقام عطا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی، توانائی، کھیلوں، طبی آلات اور دفاعی ساز و سامان کے شعبوں میں ایسی قابلیت اور مہارت رکھتا ہے جو دنیا کے چند ہی ممالک کے پاس ہے۔ ہم سب مل کر پاکستان کو ایسا مقام دے سکتے ہیں جس کی باقی دنیا پیروی کرے۔
سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظام دنیا کے بہترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے اور یہ دیگر ممالک کے لیے مشعلِ راہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی اور عسکری قیادت نے مشکل حالات، حتیٰ کہ جنگی صورتحال میں بھی دانشمندانہ اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے دنیا کو متاثر کیا ہے۔ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ترقی اور خوشحالی کے لیے یکسو ہو کر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اپنے خطے میں بھی امن کا خواہاں ہے۔ دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان نہ صرف سفارتی سطح پر اقدامات کر رہا ہے بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کانفرنسز، مکالموں اور مذاکرات کے ذریعے بھی مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر ملک کی دن دگنی اور رات چوگنی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ پاکستان کے معاشی اور دفاعی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ان ممالک کی صف میں شامل ہوگا جہاں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے وسیع مواقع، سرمایہ کاری و تجارت کا فروغ اور بہتر معیارِ زندگی میسر ہوگا۔
سیدال خان نے تمام سیاسی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے موجودہ حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں موجود قدرتی وسائل اور معدنیات کو بہتر انداز میں استعمال کر کے ہم ملک کو ایسی معاشی اور سماجی مضبوطی دے سکتے ہیں جو بین الاقوامی برادری کے لیے مثال بن سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں