پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن کا قائد اعظم کے یوم ولادت پر پیغام

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن کا قائد اعظم کے یوم ولادت پر پیغام

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نئی شناخت اور آزاد ریاست دی، جس پر قوم ہمیشہ اُن کی شکر گزار رہے گی۔

اپنے بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ بانی پاکستان کے اصول ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی اصولوں پر عمل کرکے ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کا وژن ایک جمہوری، ترقی یافتہ اور مساوات پر مبنی پاکستان تھا، جہاں قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کو اولین ترجیح حاصل ہو۔

ندیم افضل چن نے واضح کیا کہ پاکستان کی اصل طاقت آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی میں ہے، اور یہی وہ راستہ ہے جو ملک کو استحکام اور ترقی کی جانب لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے سب کو برابر حقوق دینے والے نظام کی بنیاد رکھی اور اقلیتوں کے حقوق کو پاکستان کی بنیاد کا لازمی حصہ قرار دیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائداعظمؒ کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ندیم افضل چن نے زور دیا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ تعصب، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرکے قائداعظمؒ کی فکر کو اپنایا جائے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو ذاتی و جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی وحدت، جمہوری اقدار اور عوامی فلاح کے فروغ پر توجہ دینا ہوگی، تاکہ قائداعظمؒ کے خواب کے مطابق ایک مضبوط اور متحد پاکستان کی تعمیر ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں