وینزویلا کے دارالحکومت میں زور دار دھماکے، امریکا نے میزائل حملہ کر دیا: حکومت
کراکس: وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں زور دار دھماکے، طیاروں کی آوازیں سنی گئیں، کراکس کی فضاوں میں ہیلی کاپٹر پرواز کر رہے ہیں، وینزویلا کی حکومت نے اسے امریکا نے فوجی جارحیت قرار دے دیا ہے۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے قومی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کراکس پر میزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
وینزویلا کی حکومت نے امریکی فوجی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ہمارے وسائل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو گا، شہری اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراکس کے جنوبی علاقے میں بجلی معطل ہو گئی، شہریوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کر دی گئی، مختلف مقامات سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
کراکس میں ایک آبی ذخیرے کے قریب واقع ایک عمارت کے پاس آگ کے شعلے اور گھنا دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے، دھماکہ کراکس کے مرکزی فوجی اڈے فورچونا کے قریب یا اس کے آس پاس ہوا ہے، فورچونا وہاں ایک اہم فوجی اڈہ ہے، علاقے میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے سنے گئے، جن کے بعد بجلی بھی بند ہو گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس واقعہ میں امریکا کے ملوث ہونے کا شبہ پایا جاتا ہے، ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ دھماکے کیسے ہوئے، اس بات کا بھی امکان ہے کہ یہ فوج کے اندر موجود ان عناصر کی اندرونی تخریب کاری ہو جو صدر نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹانا چاہتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کراکس میں کم از کم سات دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ نچلی پرواز کرتے طیارے بھی دیکھے گئے۔
صدر مادورو نے عندیہ دیا تھا کہ وینزویلا منشیات کی سمگلنگ کے خلاف تعاون کے لیے امریکا کے ساتھ معاہدے پر بات چیت کے لیے تیار ہے، اگرچہ انہوں نے گزشتہ ہفتے اپنے ملک پر مبینہ سی آئی اے کی قیادت میں ہونے والے حملے پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔
مادورو نے ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ امریکا ان کی حکومت کا تختہ الٹنا اور وینزویلا کے وسیع تیل کے ذخائر تک رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے، جس کے لیے معاشی پابندیوں اور فوجی دباؤ کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
ادھر کولمبیا میں امریکی سفارتخانے نے وینزویلا میں امریکی شہریوں کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے، ہدایت کی گئی کہ وینزویلا اور اس کے گردونواح میں دھماکوں کی اطلاعات کے پیش نظر امریکی شہری وینزویلا کا سفر نہ کریں۔
امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ امریکی شہری جو وینزویلا میں موجود ہیں وہ فوری محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔