ترجمان اسلام آباد یونائیٹڈ کے مطابق اسپتال سے مکمل تسلی اور کلئیرنس کے بعد میر حمزہ سجاد نے اسکواڈ کو جوائن کیا ہے، میر حمزہ سر پر گیند لگنے کے باعث کچھ دیر کے لیے بے ہوش ہوگئے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے میڈیکل اسٹاف نے فوری طور پر میر حمزہ کو طبی امداد فراہم کی اور اسپتال منتقل کیا، میر حمزہ کو ایمبولنس میں ہوش آنا شروع ہوچکا تھا اور وہ میڈیکل ٹیم سے بات بھی کررہے تھے۔
پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ کی پریکٹس کے دوران حادثہ، سر پر گیند لگنے سے پلیئر شدید زخمی
ترجمان کے مطابق میرحمزہ سجاد کا اسپتال پہنچ کر سی ٹی اسکین کروایا گیا اور رات بھر ان کا معائنہ کیا گیا، ڈاکٹروں نے مکمل رپورٹس اور معائنے کے بعد میر حمزہ کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا، اب وہ ہوٹل پہنچ چکے ہیں جہاں میڈیکل ٹیم ان کی مسلسل نگرانی کررہی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ فاسٹ بولر کے لیے مسلسل دعائیں اور خیال رکھنے پر میڈیکل پینل، دیگر فرنچائزز اور شائقین کے مشکور ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ میر حمزہ کے ساتھ کھڑی ہے، کھلاڑی کی صحت و سلامتی اسلام آباد یونائیٹڈ کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔