موٹروے پولیس کا بڑا فیصلہ، 24 جون کے بعد فائر ایکسٹنگوئشر کے بغیر گاڑیوں کا داخلہ ممنوع
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اہم حفاظتی اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تمام گاڑیوں، بالخصوص پبلک سروس اور مال بردار گاڑیوں میں فعال فائر ایکسٹنگوئشر (آگ بجھانے والا آلہ) رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثات کے دوران آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں خصوصی فائر سیفٹی اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں، جبکہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے فائر سیفٹی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے جو 24 جون تک جاری رہے گی۔
موٹروے پولیس کے مطابق گاڑیوں میں فعال اور قابلِ استعمال فائر ایکسٹنگوئشر کی موجودگی جان و مال کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل فائر ایکسٹنگوئشر کی فعالیت، پریشر اور معیاد ختم ہونے کی تاریخ لازمی چیک کریں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ غیر فعال، خراب یا زائدالمعیاد فائر ایکسٹنگوئشر قابل قبول نہیں ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ 24 جون 2026 کے بعد فائر ایکسٹنگوئشر کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں، فائر ایکسٹنگوئشر کے بغیر مال بردار اور پبلک سروس گاڑیوں کو قومی شاہراہوں اور موٹرویز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔