اسرائیل نے جنوبی لبنان میں کارروائیاں نہ روکیں تو سخت جواب دیں گے، ایران کی وارننگ

اسرائیل نے جنوبی لبنان میں کارروائیاں نہ روکیں تو سخت جواب دیں گے، ایران کی وارننگ

تہران: ایران کی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ **خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر** نے اسرائیل کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جنوبی لبنان میں جاری فوجی کارروائیاں اور جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیاں بند نہ کی گئیں تو فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

ایرانی فوجی ترجمان کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی افواج نے جنوبی لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی درجنوں بار خلاف ورزی کی، جس کے نتیجے میں عام شہری متاثر ہوئے اور خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے دعوؤں کے باوجود زمینی حقائق مختلف ہیں اور اسرائیلی فوجی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے واضح کیا کہ ایران خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر اسرائیل نے اپنی عسکری سرگرمیاں نہ روکیں تو ایرانی مسلح افواج مناسب وقت پر سخت اور مؤثر ردعمل دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اور یکطرفہ فوجی اقدامات کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

دفاعی ماہرین کے مطابق ایران کے اس تازہ بیان کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں، جبکہ عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں