📢 نوشہرہ میں پیپلز پارٹی کا پاور شو، کارکنوں کا قیادت پر بھرپور اعتماد
نوشہرہ/اسلامآباد: پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ PK-89کے زیرِ اہتمام پبی میں ایک شاندار یوتھ و ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کنونشن میں نوجوانوں، پارٹی کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا نے PK-89 نوشہرہ کی تنظیم کو کامیاب یوتھ و ورکرز کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نوشہرہ میں ایک بار پھر مضبوط اور فعال سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 برسوں سے صوبے پر حکمرانی کرنے والوں نے عوام کو ترقی کے بجائے صرف کرپشن، بدانتظامی اور مایوسی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے روزگار اور خوشحالی کے نام پر جھوٹے وعدے کیے گئے، مگر انہیں پورا نہیں کیا گیا، جس کے باعث نوجوان اب حقیقت کو سمجھ چکے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی سیاست اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اپنے وعدوں کی تکمیل کا عملی ریکارڈ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے ادوارِ حکومت میں روزگار کے مواقع پیدا کیے، ترقیاتی منصوبے مکمل کیے اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑنے میں ناکام رہی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات اور رابطوں کے ذریعے گندم کے مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں اور ان شاء اللہ اس مسئلے کو بھی جلد مکمل طور پر حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، تاہم صوبے کے عوام آج بھی اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت بجلی سمیت دیگر وسائل کے حوالے سے صوبے کے حقوق کے حصول میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
کنونشن کے اختتام پر پارٹی کارکنوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔