گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے، حسن مرتضیٰ

گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے، حسن مرتضیٰ

اسلام آباد/لاہور (اسٹاف رپورٹر):

پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے خطے میں جمہوری عمل کو کامیابی سے مکمل کر دکھایا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیرِاعلیٰ امجد حسین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک نئے اور ہر دلعزیز وزیرِاعلیٰ کی صورت میں قیادت میسر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ ایوان امجد حسین اور اسپیکر عمران ندیم کا انتخاب جمہوریت کی کامیابی اور عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔

سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ امجد حسین ایڈووکیٹ کا بلا مقابلہ انتخاب پاکستان پیپلز پارٹی پر عوام اور منتخب نمائندوں کے بھرپور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی تاریخی کامیابی پارٹی قیادت کی مسلسل جدوجہد اور عوامی رابطے کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی کامیابی اور امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق نئی حکومت خطے میں عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرے گی۔

سید حسن مرتضیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کی نئی حکومت گلگت بلتستان میں حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے گی اور عوام کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنائے گی۔

کیا یہ انتخابی نتائج عوامی رائے کی حقیقی عکاسی کرتے ہیں؟
اپنی رائے کمنٹس میں ضرور دیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں