حج 2026 کے بہترین انتظامات پر وزیراعظم کی وزارتِ مذہبی امور اور کامیاب حج منتظمین کو مبارکباد
اسلام آباد (اداریہ نیوز اسٹاف رپورٹر):
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزارتِ مذہبی امور اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے حج 2026 کے منتظمین نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم کو حج انتظامات اور حاصل ہونے والے اعزازات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجی شعبے کے تین پاکستانی حج منتظمین نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے دیا جانے والا Labbaytum Excellence Award حاصل کیا۔
وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستانی حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر المعراج منظم کے سی ای او محمد عفان ذیشان، ابراہیم منظم کے سی ای او محمد شاہد رفیق اور الفتح منظم کے سی ای او زعیم اختر صدیقی نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بریفنگ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل حج عبد الوہاب سومرو کو بھی ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں لبیتم ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
وزیراعظم نے تینوں حج منتظمین اور ڈائریکٹر جنرل حج کو ایوارڈ حاصل کرنے اور بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے حج 2026 کے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، وزارتِ مذہبی امور کے افسران اور تمام عملے کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے دیا جانے والا یہ اعزاز دورانِ حج پاکستانی سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے تحت حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا اعتراف ہے، جو پاکستان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور وزارتِ مذہبی امور کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں حج 2026 کے انتظامات کو عالمی سطح پر سراہا جانا پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خدمت، محنت اور دیانت کا یہی جذبہ قوموں کو عظیم بناتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خدمت کے ذریعے نہ صرف اللہ تعالیٰ کی رحمت حاصل ہوئی بلکہ عازمینِ حج کی دعائیں بھی ملیں اور پاکستان کا نام روشن ہوا۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ برس بھی حج انتظامات میں یہی معیار برقرار رکھا جائے گا اور مزید بہتری لا کر پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کیے جائیں گے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ڈائریکٹر جنرل حج عبد الوہاب سومرو، المعراج منظم کے سی ای او محمد عفان ذیشان، ابراہیم منظم کے سی ای او محمد شاہد رفیق اور الفتح منظم کے سی ای او زعیم اختر صدیقی بھی شریک تھے۔
سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی حج منتظمین کو ملنے والے اعزاز پر آپ کیا کہنا چاہیں گے؟اپنی رائے کمنٹ میں ضرور دیں۔