یومِ عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ، ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد:
وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق یومِ عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 10 محرم الحرام کے روز صبح 4 بجے سے رات 12 بجے تک ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند رہے گی، جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل رکھی جائے گی۔
وزارتِ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام یومِ عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ متعلقہ اداروں کو سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ہر سال محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بعض علاقوں میں موبائل یا انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر بند کی جاتی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔