آزاد کشمیر میں راستوں کی بندش کے دعوے مسترد، حکومتی فیکٹ چیک جاری
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر):
وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے آزاد کشمیر میں راستوں کی بندش سے متعلق سامنے آنے والے دعوؤں کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک کے مطابق ایک گمنام ذریعے کے بیان کو قابلِ اعتماد تصدیق کے بغیر خبر کی بنیاد بنانے سے ایک مخصوص بیانیے کی تشکیل کا تاثر ابھرتا ہے۔
حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے فیکٹ چیک کے مطابق یہ دعویٰ کہ پولیس نے خوراک، ادویات اور ایندھن لے جانے والی گاڑیوں کو راستے میں روک دیا، حقائق کے منافی ہے۔
فیکٹ چیک میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ کا عنوان اور مرکزی الزام مکمل طور پر ایک گمنام ذریعے کے بیان پر مبنی ہے، جبکہ اس دعوے کے حق میں کوئی ویڈیو ثبوت، آزاد گواہی یا سرکاری مؤقف پیش نہیں کیا گیا۔
حکومتِ آزاد کشمیر کے مطابق راستوں کی بندش اور گاڑیوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹوں سے متعلق دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں، جبکہ زمینی حقائق کے مطابق شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔
23 جون کو چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر کی مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی گئی تھی۔
فیکٹ چیک کے مطابق سڑکوں پر پیش آنے والی مشکلات کی وجہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے بعض مظاہرین تھے، جنہوں نے سامان سے بھری گاڑیوں کو روکنے اور لوٹنے کی کوشش کی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑیوں اور سامان کو تحفظ فراہم کیا اور راستوں کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھا۔
وزارتِ اطلاعات اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ پر زور دیا ہے کہ وہ صحافتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر مصدقہ، گمراہ کن اور بے بنیاد خبروں کی اشاعت سے گریز کریں۔
ذمہ دار صحافت پر اپنی رائے کمنٹس میں ضرور دیں