چیئرمین سی ڈی اے کا اسلام آباد ماڈل جیل منصوبے کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ
اسلام آباد:
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے سیکٹر H-16 میں زیر تعمیر اسلام آباد ماڈل جیل منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے کی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کے ایڈمن بلاک کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ اسی طرح بیرک نمبر 1 اور 2 کا 100 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ بیرک نمبر 3 کا تقریباً 95 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تمام بیرکس میں سینٹری اور بجلی کے کام مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ جیل ہسپتال کی تعمیر بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ واچ ٹاورز اور تمام سنتری پوسٹس کی تعمیر بھی پایہ تکمیل تک پہنچ چکی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ سیوریج، ڈرینج، فٹ پاتھ اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے کام تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اسٹریٹ لائٹس کے لیے تمام پولز بھی نصب کیے جا چکے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ منصوبے کے اطراف باقی ماندہ باؤنڈری وال کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کو بھی فوری یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے منصوبے کے تمام ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور متعلقہ افسران مؤثر نگرانی کے ذریعے کام کی رفتار اور معیار کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے فیز ٹو کا پی سی-ون تیار کر لیا گیا ہے اور نئے مالی سال میں اس پر باقاعدہ کام کا آغاز کیا جائے گا۔
👇 آپ اس بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟ کمنٹ میں ضرور بتائیں۔