ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کا اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو تعزیتی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ
اسلام آباد (اداریہ نیوز):
مجلس شوریٰ اسلامی ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط کے ذریعے ایران میں منعقد ہونے والی تعزیتی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
خط کے مطابق ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب 3 جولائی 2026 کو تہران میں منعقد ہوگی، جس میں مختلف ممالک کی اعلیٰ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
ایرانی اسپیکر نے اپنے خط میں پاکستانی عوام، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اراکینِ پارلیمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور باہمی تعاون کے رشتے خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم ہیں۔
محمد باقر قالیباف نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
خط میں اس خواہش کا اظہار بھی کیا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان عزت، وقار اور تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تعزیتی تقریب میں شرکت کی دعوت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔