پیپلزپارٹی نائب صدر شیری رحمان نے کرم، کوئٹہ اور کیچ میں حملوں کی شدید مذمت کی

پیپلزپارٹی نائب صدر شیری رحمان نے کرم، کوئٹہ اور کیچ میں حملوں کی شدید مذمت کی

اسلام آباد : پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کرم، کوئٹہ اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

شیری رحمان نے بیان میں کہا کہ تین مختلف کامیاب آپریشنز پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزمِ استحکام کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑنے والے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔”

نائب صدر نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو قومی تاریخ کا روشن باب قرار دیتے ہوئے کیپٹن ڈاکٹر نعمان سیلم، حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کے بقول، تین مختلف کارروائیوں میں 25 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی ہلاکت دشمن کے عزائم پر کاری ضرب ہے اور یہ پیش رفت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے آخری مرحلے میں داخل ہونے کی نشان دہی کرتی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ “دشمن کو مکمل شکست ہو گی” اور “امن کے دشمنوں کا انجام یقینی ہے۔”

انہوں نے قوم کے ہر فرد پر زور دیا کہ وہ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا رہے کیونکہ ان کا حوصلہ پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ خاتون سیاستدان نے اختتامی کلمات میں کہا کہ قوم اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف ایک صف میں متحد ہیں اور پاکستان ان شاء اللہ سرخرو ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں