کراچی: پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (پی آئی ایم ای سی) کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہوگیا، جو 6 نومبر تک جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں بطور چیف گیسٹ شرکت کی، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے میری ٹائم کے شعبے میں بہت ترقی کی ہے، پورٹ قاسم سمیت تمام بندرگاہوں کو جدید بنارہے ہیں، سمندری حیاتیات کے تحفظ کے لیے مزید کام کرنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر نہ روکا جاتا تو ہم دنیا کی ساتویں بڑی معیشت ہوتے، پاکستان کا محل وقوع اسے دنیا میں منفرد بناتا ہے، پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان تجارتی حب بن سکتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مقام ہے، جہاں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ میری ٹائم کی ترقی سے فائدہ اٹھانے والوں میں ہماری ساحلی پٹی کے مکینوں اور ماہی گیروں کی بستیوں کو شامل ہونا چاہیے، جن کے لیے تعلیم اور صحت سمیت دیگر سہولتیں دستیاب ہوں، اور وہ بلیو اکانومی کے مواقع سے فائدہ اٹھاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری زمین 70 فیصد پانی میں گھری ہوئی ہے، بلیو اکانومی سے معیشت کو ترقی دی جاسکتی ہے، ہمارے سامنے یہ چیلنج موجود ہے کہ ہم سمندر کے ذریعے اپنی زراعت اور لوگوں کے لیے صاف اور تازہ پانی کی فراہمی کو کس طرح پورا کرتے ہیں۔
انہوں نے میرین، بائیو ٹیکنالوجی اور دیگر شعبہ جات میں عالمی تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
