ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مصری اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کی غلط حکمتِ عملی اور اشتعال انگیزی کے باعث اس تنازع میں کھنچتا چلا گیا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ دنیا میں اب کوئی بھی امریکی سفارت کاری پر اعتماد نہیں کر سکتا، وہ سفارت کاری اور مذاکرات کو صرف اپنے مطالبات مسلط کرنے یا طاقت کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی عوام اس وقت امریکا کے ساتھ مذاکرات یا سفارت کاری کے لیے تیار نہیں، کیونکہ امریکہ ماضی میں بھی مذاکرات کو اپنے مطالبات منوانے اور طاقت کے استعمال کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کے نئے رہبر مجتبیٰ خامنہ ای مکمل طور پر صحت مند ہیں اور جنگی حالات کے باعث عوامی سطح پر نظر نہیں آ رہے۔
اس کے علاوہ ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول مضبوط ہے ، امریکی صدر کے بیانات سے آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی نئی رجیم کے صدر نے ابھی امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے۔